حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پونہ، مہاراشٹرا میں امام زمانہ (عج) کی ولادت کے موقع پر امام زمانہ (عج) کمیونٹی سینٹر (IZCC) ونوری میں ایک منفرد اور شاندار جشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مومنین نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ یہ پروگرام دو مرحلوں پر مشتمل تھا: پہلا مرحلہ علمی مقابلے اور کوئز ٹیسٹ، اور دوسرا مرحلہ جشنِ ولادت اور تقسیمِ انعامات۔
جشن کا پہلا مرحلہ 11 شعبان کو منعقد ہوا، جس میں علمی مقابلوں اور کوئز ٹیسٹ کا اہتمام کیا گیا۔ مومنین، خصوصاً نوجوانوں اور بچوں نے امام زمانہ (عج) کی معرفت پر مبنی سوالات میں بھرپور دلچسپی لی اور اپنی علمی استعداد کا مظاہرہ کیا۔
اسی طرح 16 شعبان المعظم کو نماز مغربین کے بعد، IZCC ونوری میں جشن کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جہاں معرفتِ امام (عج) پر مبنی ایک شاندار علمی نشست منعقد کی گئی۔ اس کے علاوہ بچوں کے لیے حفظِ حدیث کا مقابلہ اور ایک علمی مکالمہ بھی ہوا، جس میں امام زمانہ (عج) کی غیبت اور ظہور کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
جشن میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے حجۃالاسلام والمسلمین مولانا عسکری امام خان نے امام سجاد علیہ السلام کی اس حدیث کو بیان کیا: "اے ابو خالد! ہمارے قائم (عج) کی غیبت کے زمانے کے لوگ، جو ان کی امامت کے قائل اور ان کے ظہور کے منتظر ہیں، ہر زمانے کے لوگوں سے بہتر ہیں۔"
مولانا نے زور دیا کہ ہمیں امام زمانہ (عج) کے حقیقی منتظرین بننے کے لیے اپنی معرفت میں اضافہ کرنا ہوگا اور اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہوگا۔
پروگرام میں عاشقانِ امام (عج) نے خوبصورت منقبتیں پیش کیں، جس سے محفل پر ایک روحانی کیفیت طاری ہوگئی۔ آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ ہمیں امام زمانہ (عج) کے حقیقی پیروکار بننے کی توفیق عطا فرمائے۔
پروگرام کے اختتام پر کوئز اور دیگر مقابلوں کے کامیاب شرکاء کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا، جس سے حاضرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
یہ بابرکت اجتماع امام زمانہ (عج) کی معرفت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مومنین کے درمیان ایک روحانی و علمی رابطے کا ذریعہ بنا۔ مومنین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امام (عج) کے ظہور کی تیاری کے لیے اپنی علمی و عملی کوششیں جاری رکھیں گے۔
آپ کا تبصرہ